بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو 25000 روپے کی مالی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری

BISP
BISP

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے فلڈ ریلیف کیش اسسٹنس کے تحت سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو 25000 روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 190,326 متاثرہ خاندانوں میں مجموعی طور پر 4,784,057,630 روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔اس سلسلے میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ادائیگی کے خصوصی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

سندھ میں 170، پنجاب میں 23، بلوچستان میں 97 اور کے پی میں 84 کیمپ سائٹس قائم کی گئی ہیں۔اب تک بلوچستان میں 36,728 متاثرہ خاندانوں کو 927,798,712 روپے؛ سندھ میں 112,159 خاندانوں کو 2,815,360,366 روپے؛خیبر پختونخواہ میں 11,409 خاندانوں کو 286,557,000 روپے اور پنجاب میں 30,030 خاندانوں کو 754,341,552 روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ / چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری کی ہدایت پر متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگیوں کے لیے تمام ادائیگی مراکز بروز ہفتہ کھلے رکھے گئے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے کیمپ سائٹس پر موجود متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کریں۔متاثرہ خاندان فلڈ ریلیف کیش اسسٹنس پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے اپنا سی این آئی سی نمبر 8171 پر بھیج سکتے ہیں اور ادائیگی کا پیغام موصول ہونے پر وہ اپنی رقم حاصل کرنے کے لیے اپنی قریبی کیمپ سائٹ پر جا سکتے ہیں۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈ کوارٹر میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ ادائیگیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ امداد اور دیگر متعلقہ معلومات کے لیے لوگ صبح 8:00 بجے سے شام 7:00 بجے تک BISP ہیڈ کوارٹر جا سکتے ہیں یا 051-9246312 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔