بے نظیر نشوونما پروگرام کے زیر اہتمام سیمینار،ماں اپنے بچے کو دو سال تک دودھ پلائے، مقررین

11

کوئٹہ۔ 18 جون (اے پی پی):کوئٹہ میں بے نظیر نشوونما پروگرام کے زیر اہتمام ڈبلیو ایف پی کے تعاون سے ماں کے دودھ کے متعلق ایک روزہ سیمینار کا اہتمام ہوا۔ سیمینار میں ورلڈ ایشین بنک ڈویلپمنٹ کے ڈاکٹر زہرہ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسرلورالائی عبدالحمید لہڑی،چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر حنیف،غذائیت کے ماہریونیسیف سید طارق علی،ورلڈ فوڈ پروگرام کے محمد اسلم،پروگرام منیجر منظور مائی،نیوٹر یشن یو نیسف ڈائر یکٹر محمد ظہیر خان سمیت صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا مقررین نے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کے بنیادی حقوق میں سے اولین حق ہے کہ ماں اسے پاک صاف ماحول میں ہر دو گھنٹے بعد اپنا دودھ پلائے، ماں کے دودھ میں قدرت نے کئی بیماریوں سے لڑنے کی قوت رکھی ہے۔نوزائیدہ بچے کے لئے ماں کا دودھ اللّٰہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ اس ایک غذا میں تمام وٹامنز، آئرن، پروٹین اور منرل شامل ہیں۔ جو نوزائیدہ بچے کے تمام جسمانی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس لیے ماں کو ہر حال میں بچے کو مکمل دو سال تک اپنا ہی دودھ پلانا چاہیے۔ ماں کا دودھ قدرت کا وہ انمول تحفہ ہے جسکا نعم البدل جدید سائنس بھی پیش نہیں کرسکتا، سائنسی تحقیقات بھی یہ تسلیم کرتی ہے کہ دوسال تک بچے کیلئے سب سے زیادہ فائدہ مند صرف اور صرف ماں کا دودھ ہے۔