اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے منگل کو ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، تاجر برادری اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔تاجر اور ضعنتکار برادری ملک کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں اور دیگر ھمسایہ ممالک کے مابین تجارت کا فروع خطہ کی خوشحالی کے کیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ قومی اسمبلی میں پاک-افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی دونوں ممالک میں تجارت کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت میں اضافہ کے لئے ان ممالک کے متعلقہ ایوان ہائے صنعت و تجارت میں رابطوں میں اضافہ ضروری ہے۔پاکستان اور افعانستان میں تجارت کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کی تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کی مشترکہ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے ۔
صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس محمد شکیل منیر نے سپیکر قومی اسمبلی کو تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ضروری ہے ۔
حکومت نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے اقدامات اٹھائے۔موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیاں قابل ستائش ہیں۔ صدر چیمبر آف کامرس نے سپیکر قومی اسمبلی کو ایوان ہائے صنعت و تجارت اسلام آباد کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور انہوں نے صدر چیمبرنے پاک-
افغان تجارت میں اضافے کے لئے سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پرسپیکر قومی اسمبلی نے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔