تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،ایف پی سی سی آئی ان کے اہم مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، عاطف اکرام شیخ

112
تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،ایف پی سی سی آئی ان کے اہم مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ایف پی سی سی آئی ان کے اہم مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، ہم ٹیم ورک پر پختہ یقین رکھتے ہیں،ایف پی سی سی آئی پاکستان کی ترقی کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کے مسائل کو بھی حل کرنے میں قائدانہ کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اب یہ ہمارا فرض ہے کہ پاکستان کی بہتری اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی بہتری کے لئے بغیر کسی اختلاف کے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملاقات کے لئے آنے والے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)، پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن (پی او ای پی اے) اور راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفود کے اراکین نے ایف پی سی سی آئی انتخابات میں شاندار کامیابی پر صدر عاطف اکرام شیخ اور پینل کو مبارکباد دیتے ہوئے گلدستے پیش کئے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام نے کہا کہ برآمدات بڑھانے اور درآمدات کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کو انتظامی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت صنعتوں کو وافر اور سستی بجلی اور گیس فراہم کر کے توانائی کے بحران کو حل کرنے کو ترجیح دے۔

اس موقع پر کیپٹل آفس کے چیئرمین کریم عزیز ملک نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری کی بہتری کے لئے طویل المدتی اقتصادی منصوبہ بندی شروع کرنے کے لئے حکومت پر زور دیتے رہیں گے اور تاجر برادری پاکستان کی تقدیر بدلنے اور اسے ایک خوشحال ملک میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ملک سہیل حسین چیئرمین کوآرڈینیشن ایف پی سی سی آئی نے وفود کے اراکین کو یقین دلایا کہ ایف پی سی سی آئی قومی اور بین الاقوامی سطح پر تاجر برادری کی ایک طاقتور آواز بنےگی۔ انہوں نے پاکستان کی بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں اور ہم خطے میں پاکستان کو اکنامک ٹائیگر بنانے کے لئے حکومت کا ساتھ دیں گے۔

وفد کے ارکان نے اظہار خیال کیا کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ ایک تجربہ کار کاروباری رہنما ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ مختلف کاروباری پلیٹ فارمز پر تجارت اور صنعتوں کے فروغ کے لئے بہترین خدمات سرانجام دیں گے۔