اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کو معاشی حب اور سرمایہ کاری کے لیے دوستانہ مقام بنا کر ملک کی خدمت کے لیے پرعزم ہے اور آئی سی سی آئی کاروباری ترقی کو فروغ دینے کے لیے کمیونٹی اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد کی مختلف ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشنز کے صدور سے خطاب کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے چیمبر ہائوس میں ملاقات کی۔احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ مستحق تاجروں کے لیے ایک ہائوسنگ سکیم شروع کریں گے تاکہ وہ دارالحکومت میں اپنی رہائش کے قابل ہو سکیں اور اب کمیونٹی کے اس خواب کو پورا کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ایک معروف بزنس گروپ کے ساتھ اس بارے تمام تر تفصیلات طے کر لی گئی ہیں جو کہ نہ صرف 25 فیصد ڈسکائونٹ پر رہائشی پلاٹ فراہم کرے گا بلکہ آسان اقساط پر ادائیگی بھی وصول کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور صدر آئی سی سی آئی اپنے کام کے ساتھ ساتھ وہ واٹر فلٹریشن پلانٹس، واٹر کولرز، مفت میڈیکل کیمپوں کا قیام، تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر اور لیبارٹری کے آلات کی فراہمی کے ذریعے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ایک قابل عمل اور جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور کاروبار کی ترقی کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ کی دستیابی کے لیے برادری کی صفوں میں اتحاد کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شرکا نے احسن ظفر بختاوری کی بطور صدر آئی سی سی آئی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نہ صرف ان پر اعتماد کا اظہار کیا بلکہ کمیونٹی کی معاشی بہتری کے لیے ان کی تمام تر کوششوں میں ہر حال میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا عہد کیا۔اپنے خطاب میں سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر احمد ملک نے آل پاکستان چیمبرز کے صدورکی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر احسن ظفر بختاوری اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔اجلاس میں شریک ہونے والوں میں یوسف راجپوت، گروپ لیڈر بلیو ایریا، راجہ حسن اختر صدر بلیو ایریا، اسد عزیز صدر جناح سپر مارکیٹ، راجہ جاوید اقبال صدر G/9 مرکز، افتخار عباسی، E-11 مرکز، نعیم چوہدری صدر G-9 شامل تھے۔
کاشیر چوہدری صدر I-10 مرکز، ناصر چوہدری صدر G-8/1، راجہ فیاض گل صدر I-8 مرکز، احمد خان صدر F-10 مرکز، واجد ایوب صدر ٹی ڈبلیو اے ترنول، خالد چوہدری جنرل سیکرٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی،اظہر اقبال صدر میلوڈی مارکیٹ، شہزاد شبیر عباسی صدر F-6مرکزنے بھی اس موقع پر خطاب میں فائونڈر گروپ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور سٹی اور انڈسٹریل ایریا کے مابین باہمی اتحاد کی کوششوں کی بھرپور تائید کی۔