تاجک ’’سومون ایئر ‘‘ نے اسلام آباد اور دوشنبے کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا

143
Pakistan Civil Aviation Authority
Pakistan Civil Aviation Authority

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):تاجکستان کی ’’سومون ایئر ‘‘نے اسلام آباد اور دوشنبے کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا، ان پروازوں کے شروع ہونے سے اسلام آباد اور دوشنبے کے درمیان براہ راست سفر میں آسانی اور وقت کی بچت ہوگی۔

ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق تاجک ایئر لائن سومون ایئر کی افتتاحی پرواز ایس ایم آر 129 جمعرات کی دوپہر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی جس پر 14 مسافر سوار تھے۔ اس موقع پر سول ایوی ایشن ریسکیو اینڈ فائر فائیٹنگ سروس کے فائر ٹینڈرز نے روایتی کینن سلوٹ پیش کیا جبکہ کیک کٹنگ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ موجود تھے۔

شاہین ایئرپورٹ سروسز کے بیان کے مطابق اس پرواز کا انتظام شاہین ایئرپورٹ سروسز، شاہین فاؤنڈیشن نے کیا ۔ بوئنگ 737 طیاروں کی سہولت کو بروئے کار لاتے ہوئے یہ پرواز ہفتے میں ایک بار خصوصاً جمعرات کو چلائی جائے گی۔ اس کے بعد ان پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، جمہوریہ تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہین ایئرپورٹ سروسز ائیر کموڈور (ر) وسیم احمد خان، جنرل منیجر شاہین ایئرپورٹ سروسز اسلام آباد کموڈور (ر) شاہد ندیم اور سی ای او سومون ایئر نے خطاب کیا اور اسلام آباد اور دوشنبے کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خوش آئند قرار دیا۔

ان براہ راست پروازوں سے مسافروں کو ازاں قیمت پر بالخصوص دونوں ممالک کے ثقافتی ورثے اور سیاحتی مقامات کو دیکھنے موقع ملے گا۔ بعد ازاں تاجک ایئر لائن سومون کی فلائیٹ ایس ایم آر 130 باون 52 مسافروں کے ساتھ تقریباً پونے تین بجے اسلام آباد سے دوشنبے روانہ ہوگئی۔