تارکین وطن میزبان ممالک کے لیے ترقی و خوشحالی لاتے ہیں اور اپنے آبائی ممالک کے لیے لائف لائن بھی بنے رہتے ہیں،وزیر اعظم محمد شہبازشریف کا مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

143

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):ی کاسٹ نہ کیا جائے)وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ تارکین وطن نہ صرف اپنے میزبان ممالک کے لیے ترقی و خوشحالی لاتے ہیں بلکہ اپنے آبائی ممالک کے لیے لائف لائن بھی بنے رہتے ہیں،سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر پاکستان کے معاشی استحکام میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں،مہاجرین کے عالمی دن پر، ہم تارکین وطن کے جائز حقوق کی وکالت، استحصال کے خاتمے اور ایک ایسا ماحول بنانے کے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں جہاں ہجرت ایک روشن مستقبل کے حصول کے لیے مواقع اور ترقی کی علامت بن جائے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مہاجرین کا عالمی دن منایا جارہا ہے،یہ دن تارکین وطن کی بے مثال شراکت کی صحیح معنوں میں پہچان، ان کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ہمارے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستان تارکین وطن کا خیرمقدم کرنے والا میزبان رہا ہے اور دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی فخر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار، کاروبار ہو یا سیاحت، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کے سفراء کے طور پر اپنی شناخت بنائی اور دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تارکین وطن نہ صرف اپنے میزبان ممالک کے لیے ترقی و خوشحالی لاتے ہیں بلکہ اپنے آبائی ممالک کے لیے لائف لائن بھی بنے رہتے ہیں۔ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر پاکستان کے معاشی استحکام میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف مالی سال 2024-25 کے پہلے دو ماہ میں ہی 5.94 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جو وطن کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مسلسل لگن اور محبت کی عکاسی کرتی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو بااختیار بنانے، انہیں ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بروقت انصاف اور سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی عدالت (اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی) ایکٹ 2024ء منظور کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ہم نے محسن پاک ایوارڈز متعارف کرائے ہیں جو کہ پاکستان اور ان کی میزبان کمیونٹیز دونوں کے لیے ہمارے تارکین وطن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک باوقار قومی اعزاز ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جیسا کہ ہم تارکین وطن کی طاقت، لچک اور کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں، ہمیں ان چیلنجوں کو بھی تسلیم کرنا چاہیے جن کا سامنا انہیں درپیش ہے جن میں وطن سے دوری، استحصال اور امتیازی سلوک شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ، وقار اور شمولیت کو یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مہاجرین کے اس عالمی دن پر ہم تارکین وطن کے جائز حقوق کی وکالت، استحصال کے خاتمے اور ایک ایسا ماحول بنانے کے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں جہاں ہجرت ایک روشن مستقبل کے حصول کے لیے مواقع اور ترقی کی علامت بن جائے۔