اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کی جلد تکمیل پاکستان کیلئے بہت اہم ہے، ترکمانستان منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے اقدامات کرے، منصوبہ پر تکنیکی ورکنگ گروپ کا اجلاس (کل) منگل کو ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکمانستان کے نائب وزیر خارجہ ویپا حاجییو کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزارت توانائی سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں جانب سے ترکمانستان-افغانستان-پاکستان-انڈیا (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے اور ترکمانستان-افغانستان-پاکستان (TAP) پاور ٹرانسمیشن لائن کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حماد اظہر نے تاپی منصوبے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیا۔ ترکمانستان کی جانب سے بھی کثیر الجہتی منصوبے کے لئے اسی عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان کو قدرتی گیس کی اضافی فراہمی کی ضرورت کے پیش نظر تاپی منصوبے کی جلد تکمیل حکومت پاکستان کے لئے اہمیت کی حا مل ہے۔ انہوں نے ترکمانستان سے درخواست کی کہ منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں۔پاکستان نے تاپ پاور ٹرانسمیشن لائن پر تکنیکی ورکنگ گروپ کا اجلاس ایک ہفتے میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا جو منصوبے کے پیشگی فزیبلٹی پیرامیٹرز پر کام کرے گا۔
فیصلہ کیا گیا کہ تاپی پر تکنیکی ورکنگ گروپ کا اجلاس (کل) منگل کو ہوگا جس میں منصوبے کے حوالے سے تبدیل صورتحال کے پیش نظر مستقبل کا لائحہ عمل تجویز کیا جائے گا۔ترکمانستان کے وفد میں بورڈ کے چیئرمین اور تاپی پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او محمدمیرات امانوو بھی شامل تھے ۔
ترکمانستان کی وزارت توانائی میں ترکمانستان-افغانستان-پاکستان کی سمت میں بین الاقوامی پاور پراجیکٹس کے شعبہ کے سربراہ ایم آرٹیکوف ،پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطا دجان مولاموو؛ چیئرمین ترکمینیرگگورلشیک این عطاییو، اس کے ساتھ ساتھ پروجیکٹ کمپنی چالک ہولڈنگ کے نمائندے شامل تھے۔پاکستانی وفد سیکرٹری پاور سید آصف حیدر شاہ ، سیکرٹری پیڑولیم علی رضا بھٹہ، وزارتِ توانائی کے سینئر حکام پر مشتمل تھا۔