تبدیلی اور این آر او کی باتیں کرنے والے ایک مرتبہ پھر یوٹرن لے کر کھڑے ہیں ، دانیال چوہدری / وجیہہ قمر

164

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):مسلم لیگ( ن) کےارکان قومی اسمبلی نے کہا ہے تبدیلی اور این آر او کی باتیں کرنے والے ایک مرتبہ پھر یوٹرن لے کر کھڑے ہیں ، ان کی قسمت کا فیصلہ ملک کی عوام اور عدالتیں کریں گی ، بانی پی ٹی آئی کبھی گریبان پکڑتے ہیں تو کبھی پائوں پڑ جاتے ہیں ۔

جمعرات کو یہاں مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی دانیال چوہدری نے وجیہہ قمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے لوگوں کو 9مئی کے واقعات کرائے۔یہ وہی لوگ ہیں جن کے ویڈیو بیان موجود ہیں کہ اگر مجھے گرفتار کیا جائے تو جی ایچ کیو پر حملہ کریں،انہوں نے شہداء اور انکے خاندانوں کا مذاق اڑایا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) نے ملک کو لوڈ شیڈنگ سے پاک کیا اور دہشت گردی سے نجات دلائی،انہوں نے اپنے دور حکومت میں ملک کے لئے کچھ نہیں کیا ، انہوں نے پاکستانی نوجوان کے ہاتھ میں پیٹرول بم دیا، انہیں توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کی تربیت دی ۔ دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے مکافات عمل سے گزر رہے ہیں،انہیں پاکستانی نوجوانوں کو گمراہ کرنے پر معافی مانگنی چاہیے،نواز شریف نے ہمیشہ ملک کو دفاعی اور اقتصادی طور پر مضبوط کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو توڑنے کی سازش کرنے اور آگ لگانے والے کو این آر او نہیں دیں گے۔پہلے بانی پی ٹی آئی9مئی واقعات کی ذمہ داری قبول کریں۔جلائو ، گھیراو ، آئین اور پارلیمنٹ کے وجود کو تسلیم نہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہو گی۔ یہ صرف اپنی ذات کے لئے این آر او چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان اور پاکستانی عوام کو کرپٹ کے طور پر روشناس کرانے کی کوشش کی،انہوں نے کبھی پاکستان کا روشن چہرہ عالمی برادری کو نہیں دکھایا،سچے سیاسی راہنما اپنی نوجوان نسل کو امید، روشن مستقبل کی طرف لے جاتے ہیں،پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہر شعبے میں کرپشن ہوئی ، آپ کی قسمت کا فیصلہ پاکستانی عوام اور عدالتیں کریں گی ملک کو ایک بار پھر تاریکیوں سے نکالیں گے اور مسلح افواج کے ساتھ ملکر دہشت گردی سے پاک کریں گے۔

وجیہہ قمر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک طرف عدلیہ اور دوسرے اداروں کو دبائو میں لانے کی کوشش کر رہی ہے دوسری جانب یہ این آر او کے لئے منتیں کر رہے ہیں،مسلح افواج نے خود کو سیاست سے الگ کیا ہوا ہے،بانی پی ٹی ائی ایک بار پھر فوج کو سیاست میں گھسیٹنا چاہتےہیں، ہمیں اس وقت حکومت ملی جب ملک دیوالیہ ہونے کے دھانے پر کھڑا تھا۔ اب جبکہ ملک اقتصادی طور پر مستحکم ہونے جا رہا ہے یہ پھر ملک کو عدم مستحکم کرنا چاہتے ہیں ۔