تجاوزات کے خلاف آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر ملتان

128

ملتان ۔ 29 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے۔ گلشن مارکیٹ اور ممتاز آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں بھاری مشینری کے ذریعے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدلسمیع شیخ کی سربراہی میں کریک ڈاون کرتے ہوئے بھاری سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا جبکہ کرینوں کے ذریعے مرکزی بازار میں پختہ تھڑے ،شیڈز اور کیبن مسمار کردیے گئے۔

آپریشن کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری کی ہدایت پر تجاوزات مافیا کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ٹاسک فورس نے تجاوزات صاف کرکے راستے کلیئر کردیے اور سامان ضبط کرلیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تجاوزات کا انچ انچ ختم کرینگے۔تاجر برادری کو ازخود تجاوزات کے خاتمے کیلئے ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔محمد علی بخاری نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر مرکزی بازاروں میں بھاری مشینری کے ذریعے تجاوزات کا صفایا کرینگے۔قبل ازیں شہریوں نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن پر حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔