
ملتان ۔10فروری(اے پی پی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ہر ضلع میں کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں جن میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ کارکنوں کے فیصلے اب اسلام آباد، لاہور میں نہیں بلکہ ملتان میں ہی ہوں گے۔ ہر کام میں ان کی رہنمائی اور مشاورت لیں گے اور ان کی سفارشات کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہائوس ملتان میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پاکستا ن تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہاکہ تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنمائوں کی سوچ ایک ہے ہماری حکومت مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ پارٹی عہدیداروں کا اعلان ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف تنظیم کا نام ہے جسے ہم نے مضبوط بنانا ہے، نئی تنظیم میں رکن اسمبلی سمیت ہر کارکن کو ترجیح دیں گے۔ گورنر ہائوس کے دروازے تمام ورکروں کے لئے کھلے ہیں اور وہ خود بھی تحریک انصاف کے کارکنوں میں رہ کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔کارکن خود بھی رابطوں کو مضبوط بنائیں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری، ارکان قومی اسمبلی محمد عامر ڈوگر، احمد حسین ڈیہڑ، محمد ابراہیم خان، پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی،میاں طارق عبداللہ، مہندر پال سنگھ، ملک محمد سلیم لابر، شیخ سلمان نعیم، سبین گل، قربان فاطمہ، اعجاز جنجوعہ، خالد جاوید وڑائچ، وسیم خان بادوزئی، رانا جبار ودیگر بھی موجود تھے۔