تحریک انصاف ملکی معیشت اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، 2018 میں عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کو معافی مانگنی چاہئے، عطاء تارڑ

156
سانحہ 9 مئی کا منصوبہ ساز بغاوت کی سازش کو تحقیقاتی کمیشن کے پیچھے نہیں چھپا سکتا ، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی معیشت اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ 2018 میں عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کو معافی مانگنی چاہئے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل جاری ہے، وقت کا دھارا تبدیل ہوتا ہے، ہمیں وہ وقت بھی یاد ہے جب اس ایوان میں چہرے پر ہاتھ پھیر کر انتقام کی دھمکیاں دی جاتی تھیں، رانا ثناء اللہ پر کیس بنایا گیا، 2018ء میں متنازعہ مینڈیٹ کے ساتھ حکومت قائم کی گئی جن بیساکھیوں کے سہارے تحریک انصاف اقتدار میں آئی تھی وہ پوری قوم جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے مجسموں کو مسمار کیا گیا اور قوم کے دفاعی اداروں پر حملے ہوئے اور جب کیس بنے تو یہ دوڑ گئے۔ ان لوگوں کو جمہوریت کی بات زیب نہیں دیتی، انہوں نے کہا کہ 2018ء میں عوامی مینڈیٹ چرانے پر ان لوگوں کو معافی مانگنی چاہئے، یہ لوگ 2024 کے انتخابات میں خیبر پختونخوا میں کامیابی پر تو شاباش دیتے مگر پنجاب اور سندھ میں ہارنے پر الزامات عائد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو یہ کس حیثیت سے خط لکھ رہے ہیں، ہم نے ان کے اقتدار میں انہیں میثاق معیشت کی دعوت دی تھی، مگر یہ لوگ آج بھی ملک کی معیشت اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔