تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس میں دامن صاف ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے مشتبہ لوگوں سے پارٹی فنڈنگ کے نام پر پیسے لئے،  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز 

48

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس میں دامن صاف ہے، ہم نے 40 ہزار لوگوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائی ہوئی ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے مشتبہ لوگوں سے پارٹی فنڈنگ کے نام پر پیسے لئے، دونوں جماعتیں جواب دینے سے بھاگ رہی ہیں، بھاگنے نہیں دیں گے، انہیں ضرور جواب دینا پڑے گا، چاہتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن کی جائے اور اس کا جلد از جلد فیصلہ ہو تاکہ حقائق قوم کے سامنے آئیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سرعام کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن ہو، ان کے بیان کے بعد تحریک انصاف کی پوزیشن واضح ہے، تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کی طرف سے مانگی گئی تمام دستاویزات پیش کیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی مافیا نہیں ہے، تحریک انصاف نے ورکرز اور ممبرز سے چندہ لیکر پارٹی امور چلانے کا کلچر متعارف کرایا ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے مشتبہ لوگوں سے پیسے لئے، مافیا ان لوگوں کو انتخاب لڑنے کیلئے فنڈنگ کرتے ہیں اور اقتدار میں آنے کے بعد یہ لوگ انہیں نوازتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے آج تک فنڈنگ کرنے والے لوگوں کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ہر بات جھوٹ پر مبنی ہے، انہوں نے کہا تھا کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں لیکن ان کی اربوں روپے کی جائیدادیں سامنے آئی ہیں، ان کے الزامات کی کوئی اہمیت نہیں، پیسہ کہاں سے آیا اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آئینی اور آزاد ادارہ ہے، فارن فنڈنگ کیس کی براہ راست سماعت کروانے کی ذمہ داری اس کی ہے، حکومت کی نہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کا براڈشیٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے، براڈشیٹ کے ساتھ معاہدہ سابق جنرل (ر) پرویز مشرف نے کیا تھا، نواز شریف کی چوری ثابت ہو چکی لیکن وہ مشرف کے ساتھ معاہدہ کر کے سعودی عرب چلے گئے تھے، 2007ءمیں معاہدے کے تحت سعودی عرب سے واپس پاکستان آنے کے بعد ان لوگوں نے تحقیقات روکنے کیلئے براڈشیٹ کو 25 ملین ڈالر رشوت کی پیشکش کی، براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بن گئی ہے، جلد سچ سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور نواز شریف کو ایک ترازو میں نہیں تولا جا سکتا، وزیراعظم عمران خان دیانت دار لیڈر ہیں اور انہوں نے 40 سال پرانی منی ٹریل دی، دوسری جانب نواز شریف نے قومی خزانے کو لوٹ کر بیرون ممالک جائیدادیں بنائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلیک میلنگ ن لیگ کا وطیرہ ہے، یہ پہلے رشوت دیتے ہیں جب ان کی پیشکش کو ٹھکرا دیا جاتا ہے تو یہ بلیک میلنگ پر اتر آتے ہیں، جب عدالت کا فیصلہ ان کے خلاف آئے تو یہ ججز کی وڈیوز بنا کر انہیں بھی بلیک میل کرتے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک کا سارا مقصد این آر او لینا ہے، عوام نے ان لوگوں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی اکبرایس بابر کے پیچھے چھپ رہی تھیں، تحریک انصاف نے تمام جوابات دے دیئے اور اکبر ایس بابر کچھ بھی ثابت نہیں کر سکا اسلئے اب وہ راہ فرار اختیا کرنا چاہتا ہے۔