تحریک حریت کے کنوینر غلام محمد صفی کا اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت پر وزیر اعظم عمران خان سے اظہار تشکر

92

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):تحریک حریت جموں و کشمیرکے کنوینر غلام محمد صفی نے اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت اور کشمیریوں پر جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرنے پر وزیر اعظم عمران خان، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، او آ ئی سی اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے ہمیشہ مظلوموں کے حق میں اپنی آواز بلند کی،یہ ایسی اسلامی ریاستیں ہیں جنہوں نے ہمیشہ امت مسلمہ کے سلگتے مسائل پر کھل کر حق و انصاف پر مبنی موقف اپنایا اور اس پر ڈٹے رہے، یہ دونوں ممالک عدل و انصاف کے حوالے سے دوہرے معیار نہیں رکھتے، ہم اْمید کرتے ہیں کہ دوسرے اسلامی ممالک بھی مستقبل میں ان کی تائید و تقلید کریں گے۔تحریک حریت کے کنوینر نے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ہی مسلم ممالک کی عظمت رفتہ واپس لاسکتا ہے، قربانی دینے کا جذبہ مسلمانوں میں بدرجہ اتم موجود ہے، افغانستان کی حالیہ کامیابی اسی قربانی، جذبہ جہاد اور شوق شہادت کا نتیجہ ہے،

مسلم رہنماؤ ں کو چاہئے کہ وہ باہمی رنجشیں اور اختلاف بھلاکر علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کو حل کرنے میں ایک دوسرے کا تعاون کرکے امت کو بے آ برو ہونے سے بچائیں۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح افغان عوام کی وکالت کی اور اقوام عالم کے سامنے افغانستان میں برسر اقتدار قوت کی بھر پورترجمانی کی اس پر وہ داد و تحسین کے مستحق ہیں، اسلاموفوبیا پر جس طرح وزیر اعظم پاکستان نے مختلف بین الاقوامی فورمز پر بات کرکے مغرب کو آئینہ دکھایا وہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ جس طرح تندہی کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کے ہر ایک فورم کو استعمال کرکے یہ مسئلہ دنیا کے سامنے پیش کرکے اس کے حل کی ضرورت پر زوردیتے ہیں وہ بھی لائق تحسین ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کے لیے پرتول رہا تھا لیکن وہ خود تنہا ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی برادری میں رسوا ہوکے رہ گیا ہے۔