لاہور۔19مئی (اے پی پی):تحریک منہاج القرآن کے فلاحی ادارہ آغوش کمپلیکس میں پیر کے روز یہاں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا،جس کا مقصد طلبہ اور اساتذہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری معلومات اور عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔اس تربیتی ورکشاپ کا اہتمام ریسکیو1122 کے اشتراک سے کیا گیا،جس میں ماہر ریسکیو افسران نے شرکت کی۔تربیتی ورکشاپ میں ریسکیو1122کے ماہرین نے طلبہ و اساتذہ کو ابتدائی طبی امداد(فرسٹ ایڈ)، آتشزدگی کے دوران حفاظتی تدابیر،زلزلہ کے وقت احتیاطی اقدامات اور ہنگامی انخلا کے طرقیہ کار کے بار ے میں تفصیلی بریفنگ دی۔عملی مظاہرے کے ذریعے ماہرین نے آگ بجھانے والے آلات،زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اورفوری ردعمل کے عملی طریقے سکھائے ۔ آغوش کے بچوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور ریسکیو ٹیم کی رہنمائی میں مختلف مشقوں میں بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔
تربیتی ورکشاپ کی صدارت آغوش کمپلیکس کے ڈائریکٹر کرنل (ر) مبشر اقبال نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کرنل (ر) مبشر اقبال نے کہا کہ آغوش میں زیرِ تعلیم بچے صرف طالب علم نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔ ان کی جسمانی، ذہنی اور اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے قابل بنانا ایک قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ریسکیو سکاوٹس نے بچوں کو نہ صرف طبی تربیت دی بلکہ خدمتِ خلق کا شعور بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ورکشاپ بچوں کے اندر اعتماد، خود انحصاری اور سماجی ذمے داری کا احساس بیدار کرنے میں مددگار ہو گا۔ریسکیو سکاوٹس 1122کے انسٹرکٹرز نے سادہ اور سمجھ میں آنے والی زبان میں بچوں کو تربیت دی۔ انہوں نے سی پی آرکی مشق خود کروائی اور بچوں کو سمجھایا کہ دل بند ہونے کی صورت میں کیسے بروقت دباو دے کر زندگی بچائی جا سکتی ہے۔
اسی طرح اگر کسی کو زخم آ جائے یا خون بہنے لگے تو پٹی باندھنے، دباو دینے اور خون روکنے کی بنیادی تدابیر سکھائیں گئیں۔ بچوں کو آگ لگنے کی صورت میں Stop, Drop and Roll کا عملی مظاہرہ بھی کرایا گیا۔حادثے کی صورت میں فوری طور پر ایمرجنسی نمبر 1122 پر کال کرنے کے اصول بھی سکھائے گئے۔ بچوں کو بتایا گیا کہ کال کرتے وقت انہیں اپنا نام، مقام، حادثے کی نوعیت اور متاثرہ افراد کی تعداد واضح طور پر بتانی چاہیے تاکہ بروقت مدد پہنچ سکے۔ اس سیشن کا مقصد بچوں میں گھبراہٹ کے بجائے ہمت، سمجھ داری اور فوری ردعمل کی تربیت دینا تھا۔ آغوش انتظامیہ نے تربیتی سیشن کے اختتام پر ریسکیو ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور شیلڈز پیش کیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ آئندہ بھی ایسے سیشن باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں تاکہ بچوں کی تربیت ہر پہلو سے مکمل ہو۔تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی۔ ورکشاپ میں ریسکیو سکاوٹس کے افسران، آغوش کے اساتذہ، انتظامیہ، اور بچوں کی بڑی تعداد نے شریک تھی