تحصیل آفس اسلام آباد میں جانوروں کے ہسپتال کی تعمیر اور لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے قیام سمیت چار منصوبوں کے لیے 297 ملین روپے مختص

اسلام آباد ۔ 8 جولائی (اے پی پی) وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے پولیس اسٹیشن کو جدید خطوط پر استوار کرنے تحصیل آفس اسلام آباد میں جانوروں کے ہسپتال کی تعمیر اور لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے لیے رواں مالی سال 2020-21ء کے بجٹ کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت داخلہ ڈویژن کے منصوبوں کے لیے 297.135 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ وزارت داخلہ کے سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں قائم پولیس اسٹیشن کو ماڈل پولیس اسٹیشن بنانے کے لیے رواں مالی سال 2020-21ء کے بجٹ میں اسلام آباد پولیس کے تھانوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 200 ملین روپے مختص کیے ہیں جبکہ منصوبہ پر مجموعی طور 1288.406 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اسلام آباد میں تحصیل آفس سیکٹر جی الیون فور کی تعمیر کی جاری منصوبے کے لیے 30 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ منصوبہ کی مجموعی طور پر لاگت 351 ملین لگائی گئی ہے۔ اسلام آباد میں جانوروں کے ہسپتال کی تعمیر کے لیے 17.135 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد آئی سی ٹی کے رورل ایریا کے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے لیے 50 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ منصوبہ کی مجموعی طور پر لاگت 192 ملین روپے لگائی گئی ہے۔