تربت یونیورسٹی کے الحاق شدہ کالجز کے لیے شعبہ اردو کے بورڈ آف اسٹڈیز کا تیسرا اجلاس منعقد

3

کوئٹہ۔ 20 جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف تربت کے فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز کے زیر اہتمام شعبہ اردو کے بورڈ آف اسٹڈیز کا تیسرا اجلاس بروز جمعہ فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور (تمغہ امتیاز) کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالصبور نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر زور دیا کہ تربت یونیورسٹی اپنے الحاق شدہ کالجوں میں تدریسی معیار کو بلند کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور معیاری کورسز کی فراہمی، تدریسی رہنمائی، اور نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طلبہ کو دورحاضر کے علمی و پیشہ ورانہ تقاضوں کے مطابق تعلیم میسر آ سکے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ الحاق شدہ کالجز، تربت یونیورسٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر کوئی نیا تدریسی پروگرام شروع نہ کریں

کیونکہ ایسے اقدامات سے طلبہ کو مستقبل میں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس ضمن میں طلبہ کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ صرف انہی پروگرامز میں داخلہ لیں جنہیں تربت یونیورسٹی سے باقاعدہ منظوری حاصل ہو۔اجلاس میں اردو کے بی ایس اوراے ڈی پروگرامز کے نظرثانی شدہ کورسز پر تفصیلی بحث ہوئی، اور کئی اہم فیصلے کیے گئے تاکہ نصاب کو مزید موثر، معیاری اور جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر صدرمجلس پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور نے تمام معزز شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تدریسی معیار کی بہتری، اور نصاب کومزید بہتر بنانے میں اپنی قیمتی تجاویز سے یونیورسٹی کو مستفید کرتے رہیں گے۔اجلاس میں سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کوئٹہ کے شعبہ اردو کی چیئرپرسن ڈاکٹر قندیل بدر

فیکلٹی ممبر محترمہ انیلہ بابر اور تربت یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر عدنان ریاض نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس کے علاوہ گرلز ڈگری کالج تربت سے محترمہ زیبدہ غلام اور عطا شاد ڈگری کالج تربت سے اساتذہ فضل کریم، گلاب احمد اور شعیب شاداب بھی اجلاس میں موجود تھے۔.