تربیلہ ڈیم سے جڑواں شہروں کوپانی کی فراہمی کے مجوزہ منصوبہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکیا جائیگا،اسدعمر

52

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی،ترقی واصلاحات اسدعمر نے کہاہے کہ تربیلہ ڈیم سے جڑواں شہروں کوپانی کی فراہمی کے مجوزہ منصوبہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکیا جائیگا اورمنصوبہ کے حوالہ سے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے،انہوں نے سی ڈی اے اورمنصوبہ بندی کمیشن کوہفتہ واربنیادوں پر منصوبہ پرپیش رفت کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی ،وفاقی وزیرنے کہاکہ کنسلٹنٹس کونئی اورمتنوع ٹیکنالوجی بروئے کارلاتے ہوئے منصوبہ پرعمل درآمدکوتیزکرنے کی کیلئے سفارشات اورتجاویز مرتب کرنا چاہئیے۔انہوں نے یہ بات تربیلہ ڈیم پر انڈس واٹرسسٹم سے راولپنڈی اوراسلام آبادکوپانی کی فراہمی کے منصوبہ کی فیزایبلٹی اورحصول اراضی کے جائزہ اجلاس میں کہی،سی ڈی اے کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نوازاعوان، رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نوازاورسینئرافسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کوبتایاگیا کہ سی ڈی اے نے کنسلٹنسی کامعاہدہ کرلیاہے اورمشیرفوری طورپرکام شروع کریں گے۔کنسلٹنٹس نے وفاقی وزیرکونظام الاوقات سے آگاہ کیا،وفاقی وزیرنے ہدایت کی کہ مقررہ نظام الاوقات میں ہرصورت میں کام مکمل کیاجائے۔ انہوں نے سی ڈی اے اورمنصوبہ بندی کمیشن کوہفتہ واربنیادوں پرپیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ اس منصوبہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکیا جاسکے،وفاقی وزیرنے کہاکہ کنسلٹنٹس کونئی اورمتنوع ٹیکنالوجی بروئے کارلاتے ہوئے منصوبہ پرعمل درآمدکوتیزکرنے کی کیلئے سفارشات اورتجاویز مرتب کرنا چاہئیے۔وفاقی وزیرنے یقین دلایا کہ منصوبہ پرجلدازجلد عمل درآمدکیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں کنسلٹنٹس کوایک ماہ کے عرصہ میں رپورٹ کا مسودہ پیش کرنے اورآگے بڑھنے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی گئی۔اسدعمرنے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں عملہ کی کمی اوردیگرمسائل سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی،وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نوازاعوان ، رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز، پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرام ،سیکرٹری وفاقی تعلیم اورسینئیرحکام اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس کے شرکا کو سکولوں کی اپ گریڈیشن اورطلبا وطالبات کیلئے بسوں کی فراہمی میں پیش رفت سے آگا کیاگیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس ضمن میں وفاقی وزیربرائے تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت آنیوالے 15 دنوں میں وفاقی کابینہ کے سامنے تجاویز اورسفارشات پیش کریں گے۔