ترجمان دفترخارجہ محمد نفیس زکریا کی ہفتہ وار بریفنگ

110

اسلام آباد ۔ 09 فروری (اے پی پی) پاکستان نے بھارت کی جانب سے خفیہ نیوکلیئر سٹی تعمیر کرنے اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی تیاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی دفاعی تیاریاں نہ صرف خطے اور عالمی امن کو خطرے سے دو چار کریں گی بلکہ ان اقدامات سے خطے میں سٹریٹجک توازن پر بھی اثر پڑے گا۔پاکستان کو تنہا کرنیکی بھارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔بھارت پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی میں ملوث ہے،پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔پاکستان افغانستان میں امن کے لئے پر عزم ہے۔نئی امریکی انتظامیہ نے یقین دھانی کرائی ہے کہ ٹریول بین میں پاکستان کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ افغانستان میں ہلال احمر کے چھ افغان کارکنان کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ہارٹ آف ایشیا کا آئندہ اجلاس اگلے ماہ باکو میں ہو گا۔ترجمان دفترخارجہ محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے خفیہ نیوکلیئر سٹی اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی تیاری پر گہری تشویش ہے۔بھارت کی دفاعی تیاریوں اور دفاعی بجٹ میںاضافے سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر ہوگا۔ ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔