ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی ہفتہ وار بریفنگ

132

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر قابض بھارتی فوج کے جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم اور غیر انسانی طرز عمل پر مبنی بھارتی جارحیت کی تصاویر دنیا بھر میں منظر عام پر آئی ہیں،بھارت جعلی خبروں اور اپنی پروپیگنڈا مہم کو تیز کرکے حقائق مسخ نہیں کرسکتا۔ جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ وپور میں تین سالہ بچے کی دلخراش تصاویر ان لوگوں کے تصور میں ہمیشہ رہے گی جو انسانیت، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں پر یقین رکھتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی فورسز نے ایک 64 سالہ شہری کو اپنے نو عمر پوتے کے سامنے گولی مار کر شہید کردیا ، جس سے وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال پر ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑاکردیا ہے۔ عائشہ فاروقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کے 332 دن مکمل ہو گئے ۔بھارت کے بے گناہ لوگوں پر مظالم دنیا سے پوشیدہ نہیں رہ سکتا۔ترجمان نے مزید کہا بھارت جعلی خبروں اور اپنی پروپیگنڈا مہم سے حقائق کو دنیا کی نظروںسے چھپا نہیں سکتا ہے۔لائن آف کنٹرول پر صورتحال کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران جنگ بندی کی 1546 سے زائد خلاف ورزیاںہوئیں ، جس کے نتیجے میں 14 بیگناہ شہری شہید اور 114 شدید زخمی ہوئے۔ترجمان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں 25 ہزار بھارتی شہریوں کو دیئے جانے والے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دینے کی بی جی پی حکومتی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر گرانٹ آف ڈومیسائل سرٹیفکیٹ (ضابطہ اخلاق) ، 2020″ کے تحت ہندوستانی حکام سمیت غیر کشمیریوں کو جاری سرٹیفکیٹ غیر قانونی ، کالعدم اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں سمیت چوتھے جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے۔فاروقی نے کہا کہ پاکستان پاک ۔افغان معاشی شراکت داری اور علاقائی رابطوں کے منصوبوں میں قریبی تعاون کے لئے تیار ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکہ کی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد کے مابین ہونے والی ملاقات کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ ملاقات کے دوران پرامن ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لئے پاکستان کی کوششوں اور علاقائی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ سفیر خلیل زاد کے حالیہ دورے کے دوران یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈم بوہلر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بوہلر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور پاک امریکہ اقتصادی انگیجمنٹ کا ایک حصہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کو ہمسایہ ممالک کو غیر مستحکم کرنے کے لئے بطور آلہ استعمال کرنے اور بھارتی قیادت کے دھمکی آمیز بیانات سے بخوبی آگاہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے پہلے ہی بین الاقوامی برادری کے ساتھ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے دہشت گردی کی سرگرمیوں میںملوث ہونے کے شواہد شیئر کی ہیں۔کورونا وائرس کے نتیجے میں بیروں ممالک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانے تمام پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے جامع منصوبے پر چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تک دنیا کے مختلف حصوں سے ایک لاکھ تیرہ ہزار ایک سو چون پاکستانی شہری وطن واپس آئے ہیں۔پاک امریکہ تعلقات کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ اگست 2018 سے باہمی تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پاکستان طویل عرصے سے افغان تنازعہ کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لئے نیک نیتی کے ساتھ تعاون اور سہولت فراہم کررہا ہے۔