ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا سیمینار سے خطاب

58

اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کے تنازعہ کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں سفارتی حل چاہتا ہے، بھارت کی جانب سے مذاکرات سے انکار اور کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کی کوششیں خطہ اور عالمی امن و سلامتی کیلئے مستقل خطرہ ہیں، پاکستان برطانیہ کے کشمیر پر پارلیمانی گروپ کی رپورٹ اور اس کی سفارشات کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جنوبی ایشیاءمیں امن، سلامتی اور استحکام کیلئے جموں و کشمیر کے تنازعہ کا حل ضروری ہے۔ جمعہ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام کشمیر ہاﺅس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے کل جماعتی پارلیمانی برائے جموں و کشمیر کی رپورٹ نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ میں اٹھائے گئے تحفظات اور خدشات کی تصدیق کی ہے، اس رپورٹ میں بھارتی مسلح افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا گیا ہے اور تفصیل کے ساتھ احتساب سے مبرا بھارتی سکیورٹی فورسز کو دیئے گئے اختیارات کا ذکر کیا گیا ہے، یہ رپورٹ نہ صرف تنازعہ کشمیر کی سنگینی کا عالمی سطح پر اعتراف ہے بلکہ دنیا سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو پوشیدہ رکھنے میں ناکامی بھی شامل ہے۔