فیصل آباد۔ 07 نومبر (اے پی پی):پاکستان میں مالٹے کی اقسام میں سیلسٹیانہ، مارش ارلی، ٹراکو، گریپ فروٹ کی اقسام میں شیمبر، ریڈ بلش،ترشاوہ پھلوں کی مخلوط اقسام میں فری ماؤنٹ، فیئر چائلڈ،لیمن کی اقسام میں ایوریکا لیمن اور لائمز کی اقسام میں تہیتی لائم نے بہترین نتائج دیئے ہیں۔ سٹرس فروٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے ترجمان طارق رحیم نے بتایاکہ ترشاوہ پھلوں نے بین الاقوامی فروٹ مارکیٹس میں اپنی اہمیت کے لحاظ سے ایک نئی جہت حاصل کرلی ہے ۔
انہوں نے بتایاکہ ماہرین اثمار کی کاوشوں سے بغیر بیج یا بہت کم بیجوں والی نئی اقسام کی کاشت کے شاندار نتائج حاصل ہوئے ہیں جن کی مانگ میں بھی اضافہ ہواہے۔ انہوں نے بتایاکہ سٹرس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے بھی اس ضمن میں مثالی کردار ادا کیاہے جس نے بغیر بیج والی کئی اقسام کو بیرون ملک سے منگوا کر جو سفارشات مرتب کیں ا ن میں مالٹے کی مختلف اقسام نے نہایت اچھے نتائج دیئے۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرے تو ترشاوہ پھلوں کی پیداوارمیں مزید اضافہ بھی کیاجاسکتاہے۔