ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کوماہ جون سے اگست تک پھلدار پودوں کو 10سے15دن کے وقفہ سے پانی دینے کی سفارش

7
Tarshawa fruit gardener
Tarshawa fruit gardener

فیصل آباد۔ 19 جون (اے پی پی):پاکستان میں ترشاوہ پھلوں کے باغات کارقبہ 5لاکھ ایکڑ سے تجاوز کرگیا ہے اور اوسط پیداوار 4.5 ٹن فی ایکڑ تک پہنچ گئی ہے جبکہ باغبانوں کو ترشاوہ باغات کی پیداوار میں اضافہ کیلئے مؤثر نظام آبپاشی سے استفادہ کی ہدایت کی گئی ہے۔

سٹرس فروٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین اثمارنے بتایاکہ ترشاوہ پھلوں کی خاطرخواہ نشو ونما میں پانی انتہائی اہمیت کاحامل ہے کیونکہ پودوں میں خوراک جڑوں سے پتوں اور دیگر حصوں تک پانی کے ذریعے ہی رسائی پاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ پانی پودوں میں ضیائی تالیف کالازمی جزو ہونے کے علاوہ عمل تبخیر سے پودوں کوبرے اثرات سے محفوظ رکھتاہے اسلئے باغات ایسے علاقوں میں لگائے جائیں جہاں پانی وافر مقدار میں میسر ہو تاہم ترشاوہ باغات کی کاشت کیلئے پانی کی مقدار اور وقفہ موسمی حالات، کاشتی امور، زمین کی خاصیت، پھل کی قسم اور عمر کے علاوہ پتوں کی سطح جیسے عوامل پر بھی منحصر ہے۔

انہوں نے بتایاکہ موسم گرما کے دوران ماہ جون سے اگست تک پھلدار پودوں کو 10 سے15دن کے وقفہ سے پانی دینا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔