ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری بہت ضروری ہے،میرا دفتر تجارت وسرمایہ کاری کی سہولت کیلئے سب کیلئے کھلا ہے، وفاقی وزیر سید نوید قمر

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ ملک کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری بہت ضروری ہے، میرا دفتر تجارت وسرمایہ کاری کی سہولت کیلئے سب کیلئے کھلا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پاکستان میں سلیکون کی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے بارے میں یو ایس پاکستانی ڈاسپورا کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔

انہوں نے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے شعبے میں تجارت اورسرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ سلیکون ویلی کے متحرک اور کامیاب امریکی پاکستانی ڈاسپورا اور مقامی کاروباروں اور سب سے اہم بات حکومت پاکستان کا اعتماد حاصل کرنا یقینی طور پر پاکستان کی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان میں اسٹارٹ اپ کنیکٹ پروگرام شروع کرنے پر یو ایس ایڈ اور اوپن سلیکون ویلی کو بھی مبارکباد دی۔سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری بہت ضروری ہے، اور یہی وجہ ہے کہ مجھے یہ سن کر بہت خوشی ہوئی کہ آج کی کانفرنس کے دوران پاکستان کو ترقی یافتہ اور جدید بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کے لیے تارکین وطن کی صلاحیت کو اجاگر کیاگیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ چار ڈائس پورہ اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر رہا ہےجو پاکستان کے ترقیاتی منظرنامے پر مثبت اثر ڈالے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا دفتر ٹیکنالوجی کے شعبے میں تجارت اور سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے سب کے لیے کھلا ہے۔