اسلام آباد۔8جون (اے پی پی): ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ترکمانستان کے وفد کے دورہ پاکستان کے دوران بات چیت میں توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ یہ بات ترجمان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد وزیر مملکت اور ترکمان گیس کے چیئرمین کی قیادت میں تین روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت میں توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بشمول ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان۔بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن اور ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان پاور ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں فریق (تاپی) پائپ لائن پراجیکٹ کے تیز رفتار عمل درآمد کے لیے ”مشترکہ عمل درآمد پلان” کو حتمی شکل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل پاکستان کے عزم کے ساتھ ساتھ سستی، قابل اعتماد اور پائیدار توانائی کے لیے اس کے عزم کا عکاس ہوگا۔