ترکی کی پاکستان کی ہر فورم پر سپورٹ کے لیے شکر گزار، صدر رجب طیب اردوان کا دورہ بھی نہایت کامیاب تھا وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی ترک ڈپٹی وزیر داخلہ اسماعیل گاتلاکی سے ملاقات کے دوران گفتگو

116

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی)وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہم ترکی کی جانب سے پاکستان کی ہر فورم پر سپورٹ کے لیے شکر گزار ہیں، ترک صدر کا دورہ بھی نہایت کامیاب تھا، وزارت داخلہ کے ترتیب کردہ قوائد وضوابط کے تحت لوگوں کی شناخت میں آسانی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے ڈپٹی وزیر داخلہ اسماعیل گاتلاکی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں باہمی امور کے اہم معاملات زیر غور لائے گئے اور مہاجرین اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے مسئلے کے متعلق بات چیت کی گئی، اس موقعے پر ترکی کے سفیر مصطفیٰ احسان یرداکل بھی شریک تھے۔ ترکی کے وزیر نے پاکستان کی جانب سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری میں وزارت داخلہ کا اہم کردارہے۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ ہم ترکی کی جانب سے پاکستان کی ہر فورم پر سپورٹ کے لیے شکر گزار ہیں،ترک صدر کا دورہ بھی نہایت کامیاب تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے ترتیب کردہ قوائد وضوابط کے تحت لوگوں کی شناخت میں آسانی ہوئی ہے، غیر قانونی سفر کی روک تھام کے لیے ایئر پورٹس پر سیکورٹی سخت ہے اور نقلی کاغذات پر سفر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی الیکٹرانک پاسپورٹ متعارف کروانے کی تجویز کو جلد عمل میں لایا جائے گا،امید ہے کہ تمام مسائل مکمل طور پر حل کر لیں گے۔