ترک ریئل اسٹیٹ کمپنی”انتالیہ ہومز“کا اہم سنگ میل ”ٹیلی پراپرٹی“کے ذریعے گزشتہ ماہ 10 لاکھ ڈالر مالیت کی 12 املاک فروخت کیں

اسلام آباد ۔ 12 مئی (اے پی پی) کووڈ۔19 کی وباءنے جہاں کٹھن حالات پیدا کئے وہاں مختلف کاروباری شعبوں کو اپنی کاروباری سرگرمیاں جدید خطوط پر استوار کرنے کا موقع فراہم کیا ہے، ترکی کی ممتاز ریئل اسٹیٹ کمپنی ”انتالیہ ہومز“ بھی ان کاروباری شعبوں میں سے ایک ہے جس نے موجودہ صورتحال کے باوجود یورپی ممالک سے بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر جائیداد کی خرید و فروخت …

اسلام آباد ۔ 12 مئی (اے پی پی) کووڈ۔19 کی وباءنے جہاں کٹھن حالات پیدا کئے وہاں مختلف کاروباری شعبوں کو اپنی کاروباری سرگرمیاں جدید خطوط پر استوار کرنے کا موقع فراہم کیا ہے، ترکی کی ممتاز ریئل اسٹیٹ کمپنی ”انتالیہ ہومز“ بھی ان کاروباری شعبوں میں سے ایک ہے جس نے موجودہ صورتحال کے باوجود یورپی ممالک سے بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر جائیداد کی خرید و فروخت کے فاصلاتی طریقہ کار”ٹیلی پراپرٹی“کے ذریعے گذشتہ ماہ کے دوران 10 لاکھ ڈالر مالیت کی 12 املاک کامیابی سے فروخت کرکے ایک سنگ میل عبورکیا ہے۔ اس ضمن میں شرح مبادلہ نے بھی ترکی میں جائیداد کی خرید کے لئے سنہری موقع فراہم کیا کیونکہ وباءکے باعث ترکی کے لیرا کے مقابلے میں غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں 15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ چیئرمین ”انتالیہ ہومز“بیرم ٹیکسے نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم نے کورونا وباءکی صورتحال کے باعث ترکی میں جائیداد کی خریداری کے خواہاں افراد کےلئے جدت کے حامل طریقہ ہائے کار کو اختیار کرتے ہوئے نئے ماحول کے مطابق حکمت عملی اپنائی ہے۔ ٹیلی پراپرٹی کے ذریعے خریداروں کو ملکیتی حقوق کی دستاویز، فلورپلان، قیمت، دستیابی، لائسنسنگ سمیت جائیداد کی تمام ضروری معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ خریداری کے خواہشمند جائیداد کے آن لائن ٹور کے ذریعے تفصیلی مشاہدہ بھی کرسکتے ہیں۔ یہاںیہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اقدامات کی بناءپر عالمی پیدا وار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ کئی شعبہ جات نئے ماحول میں خود کو ڈھالنے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ریئل اسٹیٹ انڈسٹری بھی آن لائن ٹورز کے ذریعے جائیداد کی خرید و فروخت اور کرایہ پر دینے کا اہتمام کرکے اس بحران سے نبرد آزما ہو رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ قیمت اور سودے کی شرائط کے تعین کے لئے خریدار کی جانب سے فروخت کنندہ کے ساتھ گفت و شنید کی جاتی ہے جسکے بعد آن لائن اور ڈاک کے ذریعے حتمی معاہدہ اور تمام ضروری دستاویزات خریدار کے حوالے کردیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ ٹیلی پراپرٹی کے ذریعے صرف گزشتہ ایک ماہ کے دوران جرمنی، سویڈن اور برطانیہ کے شہریوںکو 10 لاکھ ڈالر میں استنبول، انتالیہ اور الانیہ میں 12 گھر فروخت کئے گئے۔ بیرم ٹیکسے جو ترکی کی ریئل اسٹیٹ انٹرنیشنل پروموشن ایسوسی ایشن کے نائب صدر بھی ہیں نے کہا کہ پر کشش سیاحتی مقامات اور منفرد سرمایہ کاری مواقع کی بناءپر ترکی میں گذشتہ سال غیر ملکی شہریوں کو 45000 املاک فروخت کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ ترکی جو غیرملکی املاک کے خریداروں کے لیے ترجیح دیئے جانے والے صف اول کے پہلے تین ممالک میں شامل ہے جہاں ریئل اسٹیٹ کمپنیوں نے درپیش حالات میں ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر نئے سنگ میل عبور کئے ہیں ۔ دریں اثناءترک حکام نے کورونا وائرس کی وباءکے بعد ملکیتی حقوق کے لین دین کے لئے ”ویب تاپو“کے نام سے نیا آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔اس ایپلیکیشن کے ذریعے 18 سے 31 مارچ کے دوران ہر قسم کے خریداروں کو 29748 گھر فروخت کئے گئے۔

مزید خبریں