تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، وزیراعلی ٰپنجاب
تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، وزیراعلی ٰپنجاب

مزید خبریں
لاہور۔21ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ امن کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے قیام امن کیلئے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج پاکستان کے افسروں اور اہلکاروں کے جذبے اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں امن وامان کے لئے ہمہ وقت سرگرم عمل پولیس اوراور دیگر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی سراہا۔ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نوازنے امن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کیا۔ عالمی یوم امن پراپنے پیغام میں مزید کہا کہ عالمی یوم امن ہمیں برداشت اور رواداری پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔
پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پائیدار امن ناگزیر ہے۔امن ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہے۔ امن سے ہی خوشحالی کے پھول کھلتے ہیں، خوشیاں ہر سو پھیلتی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں امن کے فروغ کے لئے ہر فرد کو اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ پنجاب حکومت امن، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امن صرف جنگ کے ختم ہونے کا نام نہیں، یہ انصاف، محبت و احترام کیساتھ جینے کا دوسرا نام ہے۔ انہوں نے اللہ تعالی ٰکے حضوردعا کی کہ خدا کرے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سو، ہردم امن و خوشحالی ہو۔








