تعلیمی ادارے طلبا کو علم اور ہنر کی فراہمی کیلئے آن لائن اور ہائبرڈ طریقے اپنائیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی کیڈٹ کالج مری کے طلباء سے گفتگو

عارف علوی

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئی ٹی پروفیشنلز کی طلب اور رسد میں بڑھتے ہوئے فرق کو پْر کرنے کیلئے ہنر مند انسانی وسائل کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کی ضرورت پر زور دیتے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے طلبا کو علم اور ہنر کی فراہمی کیلئے آن لائن اور ہائبرڈ طریقے اپنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج مری کے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو ان سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ طلباء بہتر فیصلہ سازی کیلئے تنقیدی اور تجزیاتی سوچ پیدا کریں، طلباء اپنے لیے علم کے دروازے زندگی بھر کھلے رکھیں، طلباء ماضی کے تجربات کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے ذریعے آسانی سے دستیاب علم سے استفادہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو غلط معلومات، فیک نیوز اور درست خبروں میں فرق کرنے کی ضرورت ہے، طلباء رسول اللہ ﷺکی سیرت طیبہ اور کامیاب افراد کے تجربات کی روشنی میں فیصلہ سازی کریں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظم تحریک آزادی میں طلباء کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتے تھے، بطور صدر ِپاکستان خواتین کے ملکیتی حقوق کے تحفظ، خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور قومی اہمیت کے تمام شعبوں میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے خاص طور پر کام کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ باہنر انسانی وسائل قوموں کی پائیدار اور تیز رفتار ترقی کے لازمی اجزا ہیں، باہنر انسانی وسائل کی عدم موجودگی میں قدرتی وسائل سے استفادہ نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے طلبا و علم اور ہنر کی فراہمی کیلئے آن لائن اور ہائبرڈ طریقے اپنائیں ، تعلیمی ادارے قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے قابل اور ہنر مند پیشہ ور افراد کی مسلسل فراہمی یقینی بنائیں۔