گلگت بلتستان میں ہرطرف شیر کی صدائیں گونج رہی ہیں ، عظمی ٰبخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ہر طرف”شیر،شیر اور شیر” کی صدائیں گونج رہی ہیں

لاہور۔6جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ہر طرف”شیر،شیر اور شیر” کی صدائیں گونج رہی ہیں اور عوام مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ہفتے کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوام ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں جبکہ مخالفین مسلم لیگ (ن) پر کیچڑ اچھال کر عوام کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی جماعت نے ترقیاتی کاموں کےلئے ایک اینٹ تک نہیں لگائی۔عظمی ٰبخاری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کا ووٹ بینک نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما ایک ہفتے سے یہ شور مچا رہے ہیں کہ انہیں انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی حالانکہ جن کے امیدوار بھی پورے نہیں ہیں وہ قبل از وقت دھاندلی کا واویلا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا ہر سیاسی بیانیہ ریت کی دیوار ثابت ہوا اور عوام اب جھوٹے نعروں اور پراپیگنڈے سے متاثر ہونے والے نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے کیونکہ جھوٹ اور پراپیگنڈے پر مبنی سیاسی چالیں ناکام ہو چکی ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملک بھر میں ترقی اور عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور وہ فخر سے کہہ سکتی ہیں کہ گلگت بلتستان کو بھی لاہور کی طرز پر خوبصورت اور ترقی یافتہ بنایا جائے گا