تعلیمی بورڈفیصل آبادنے امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ سالانہ2023کے نتائج کا اعلان کردیا، کامیابی کاتناسب 38.79 فیصد رہا

220
Education Board Faisalabad
Education Board Faisalabad

فیصل آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی):تعلیمی بورڈفیصل آبادنے امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ سالانہ2023کے نتائج کا اعلان کردیاجس میں شرکت کرنے والے کل 24033 امیدواران میں سے 9322طلباوطالبات پاس ہوئے یوں کامیابی کاتناسب 38.79 فیصد رہا۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آبادکی جانب سے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ، سیکنڈ و کمپوزٹ (سیکنڈ) سالانہ 2023کے نتائج کے اعلان کی سادہ و پروقار تقریب ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن اورکنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق صبح 10بجے ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید نے بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائٹwww.bisefsd.edu.pk پر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ،سیکنڈ و کمپوزٹ (سیکنڈ)سالانہ کے انعقاد کیلئے فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلباوطالبات کیلئے 58 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ اس موقع پر چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق مارکنگ کا عمل انتہائی احتیاط،محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشااللہ تعالیٰ کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج شفاف اور غلطیوں سے مبراہیں تاہم طلباوطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے لہٰذا ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق تذبذب یاغیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے طلباوطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری دوبارہ جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔

سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے بتایا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ (اول) سالانہ2024انشااللہ15اپریل 2024سے شروع ہو گا جس کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم27 دسمبر 2023 سے 20 جنوری 2024تک،دوگنا فیس کے ساتھ21 جنوری سے 2 فروری اور تین گنا فیس کے ساتھ3 فروری سے 9 فروری 2024تک ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں جمع کروائے جا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبر0412517710 پر رابطہ کر سکتا ہے۔