تعلیم اور عوامی فلاح حکومت کی اولین ترجیح، میر لیاقت لہڑی کی صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی سے ملاقات

پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے جمعرات کے روز صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں تعلیم کے فروغ، عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے جمعرات کے روز صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں تعلیم کے فروغ، عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوام کو معیاری اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطے، باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

اس موقع پر میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہی صوبے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اسی مقصد کے تحت حکومت تعلیمی شعبے میں اصلاحات ، جدید سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ملاقات میں میر لیاقت لہڑی کے فرزند میر حنیف لہڑی بھی موجود تھے۔