فیصل آباد ۔ 17 دسمبر (اے پی پی):وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اورعزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آبادکے منیجنگ ٹرسٹی میاں محمد ادریس نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری اس شہر کے لوگوں کا قرض ہے جسے وہ اتارنے کیلئے کوشاں ہیں۔ وہ کالج کے ایلومینائی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں گزشتہ برسوں کے دوران کامیاب ہونے والے طلبہ کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
انہوں نے صنعتی شعبے کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس شہر نے ٹیکسٹائل سے وابستہ افراد کی بھر پور معاونت کی جس کی وجہ سے آج یہ شعبہ پاکستان کی پہچان بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا مکمل ادراک ہے کہ اس شہر کی وجہ سے ہی انہوں نے ترقی کی اور آج وہ اس شہر کے قرض کو اتارنے کیلئے صحت اور تعلیم کے شعبے میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم نوجوان نسل کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے جبکہ طب کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ نہ صرف اپنے لئے باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کر کے اللہ کو بھی راضی کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس سلسلہ میں عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلبہ، فیکلٹی اور سٹاف کی خدمات کو بھی سراہا۔ اس سے قبل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید نے بھی خطاب کیا اور اس تقریب میں شرکت کرنے والے طلبائے قدیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مادر علمی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ اس ادارہ کا فخر ہیں جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر قابل قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے ایلومینائی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کردار کو سراہا جبکہ اس تقریب سے طلبائے قدیم نے اپنے زمانہ طالبعلمی کی سنہری یادوں کو دہرایا۔