اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے،نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں،نوجوانوں کی صلاحیتوں کے درست استعمال سے ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اتوار کویہاں جناح کنوینشن سینٹر میں اقرا یونیورسٹی کے 25 ویں کانووکیشن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال لا کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے طلبا و طالبات کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل، سماجی اور جذباتی مہارتیں روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے عالمی منظرنامے کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے تعلیم، اختراع اور قومی ترقی کو اہم قرار دیا اور نوجوانوں کو جدید چیلنجز کے لیے تیار کرنے پر بھی زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی علمی معیشت کی طرف منتقلی نوجوانوں کے لیے بے شمار مواقع پیدا کرے گی، تعلیمی اداروں کو تخلیقی سوچ اور قیادت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معلومات اور بصیرت جدید دور میں ترقی کیلئے حقیقی سرمایہ ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت، تعلیمی اداروں اور پارلیمنٹ کے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے ویژن کے مطابق طلبہ کو تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے تعلیمی بہتری اور اختراع کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 21 ویں صدی کے ناخواندہ وہ ہیں جو دوبارہ سیکھنے کی صلاحیت نہ رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اور فکری سرمایہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں پائیدار ترقی کا ضامن ہے۔چیئرمین سینٹ نے تعلیمی نظام میں پاکستان پیپلز پارٹی کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہندوستان میں مقیم مسلمانوں کے لیے سکولز اور کالجز میں داخلے، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبہ کے باہر کی یونیورسٹیوں میں داخلے اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اقدامات شامل ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے نوجوانوں کو قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی ترغیب دی اور تعلیم کو ترقی کی بنیاد قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فارغ التحصیل طلبا پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں قدم رکھتے وقت دیانتداری، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کو اپنا شعار بنائیں۔
انہوں نے طلبا کو قومی ترقی میں حصہ ڈالنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ہے کہ آپ اپنی تعلیم کو ملک و قوم کی خدمت میں لگائیں۔کانوکیشن تقریب کے اختتام پر سید یوسف رضا گیلانی نے طلبا وطالبات میں ڈگریاں اور میڈلز بھی تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب میں فارغ التحصیل طلبا و طالبات، والدین، اساتذہ اور دیگر افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔