تعلیم ہر ترقی کی ایک مضبوط بنیاد ہونے ساتھ ساتھ ہمارے روشن مستقبل کو کھولنے کی کلید بھی ہے،گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

125

کوئٹہ۔ 20 اگست (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ تعلیم ہر ترقی کی ایک مضبوط بنیاد ہونے ساتھ ساتھ ہمارے روشن مستقبل کو کھولنے کی کلید بھی ہے، وقت آپہنچا ہے کہ ہم تعلیم کے حصول تک رسائی حاصل کرنے میں اپنے تناظر میں انقلاب برپا کریں۔ موجودہ مروج تعلیم سے سائنٹفک سوچ و اپروچ کی جانب قدم بڑھائے اور اس کو جدید پروفیشنل ٹریننگ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مہارتوں کے ساتھ مربوط کریں۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں تعلیم کے زیور سے نئی نسل کو آراستہ کرنے کے حوالے سے ہم تعلیم فاونڈیشن کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر ہاوس کوئٹہ میں تعلیم فاونڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر شگفتہ نورین کی قیادت وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میری ذاتی خواہش اور کوشش ہے کہ ہماری تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے علاوہ یتیم خانوں اور حتیٰ کہ دارلامان میں موجود خواتین کو تعلیم اور جدید ہنر کی تربیت پہنچانے کیلئے کام کریں جنہیں اسکی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

ایسا کرنے سے ہم شدید غربت، بڑے جرائم اور عدم مساوات کے چکروں کو توڑ سکتے ہیں اور سب کیلئے ایک زیادہ خوشحال مستقبل بنا سکتے ہیں۔گورنر مندوخیل نے میڈیا سے وابستہ تمام افراد پر زور دیا کہ وہ معاشرہ کے نظرانداز شعبوں اور گوشوں میں مجبور افراد کی زندگی کو تبدیل کرنے والی تعلیم، شعور اور جدید مہارتوں کی ترقی و ترویج میں ہمارا ساتھ دیں. انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم کو فروغ دینے اور کمیونٹیز کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔