
اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ، محصولات وصنعت وپیداوارمحمدحماداظہرنے کہاہے کہ تعمیرات کے شعبہ نے کوویڈ19 کی وبا سے متاثرہ ملکی معیشت کی جلد بحالی اوراقتصادی بڑھوتری کے عمل میں کلیدی کرداراداکیاہے، حکومت تعمیرات کے شعبہ کے فروغ کیلئے اپنے عزم پرقائم ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں پنجاب کے وزیرمحنت انصرمجید خان کی قیادت میں سٹون کرشنگ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وپیداوار، ایف بی آر کے ممبرآپریشنز اوروزارت کے سینئیرحکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔
وفاقی وزیرنے حکومت کی جانب سے تعمیرات کی صنعت کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس کے نتیجہ میں بحران کے باوجود اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہواہے۔ ایسوسی ایشن کے سینئیرارکان نے وفاقی وزیرکوسٹون کرشنگ کی صنعت کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ تعمیرات کی صنعت میں یہ کلیدی اہمیت کاحامل شعبہ ہے۔
ایسوسی ایشن کے ارکان نے وفاقی وزیرکوٹیکس بالخصوص سیلز ٹیکس سے متعلق امورکے بارے میں آگاہ کیا اوراس نظام میں بے قاعدگیوں اوربے ضابطگیوں کے خاتمہ کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔
وزیرخزانہ نے ایف بی آر کو ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر اورتمام سٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے ٹیکس سے متعلق امورکو بہتربنانے کی ہدایت کی۔ ایسوسی ایشن نے وزارت خزانہ کی اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے پروزیرخزانہ کی تعریف کی اورایسوسی ایشن کو مسلسل حمایت فراہم کرنے پران کا شکریہ اداکیا۔