تفتیش کاروں کو ابھی تک مالی میں شہریوں کے مبینہ قتل کی جگہ تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی ، اقوام متحدہ

United Nations
United Nations

اقوام متحدہ ۔13اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کو ابھی تک مالی میں شہریوں کے مبینہ قتل کی جگہ تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ مورا میں ہونے والے واقعے کی انسانی حقوق کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حقائق کی تفتیش جاری رکھنے کے لئے ایم آئی این یو ایس ایم اے ٹیم کو موپٹی میں پہلے سے تعینات کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ مشن مالی کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ مالی میں مبینہ قتل کی جگہ میں پہنچنے کی رسائی حاصل کی جا سکے۔ مالی میں اقوام متحدہ کا مشن 23-31 مارچ کو سرکاری فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والے شہریوں کی رپورٹس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

مالی کی فوج نے کہا کہ مورا میں بڑے پیمانے پر فضائی کارروائی میں 203 جنگجو مارے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس جھڑپ میں سینکڑوں شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔