تمام چیمبرز آف کامرس کو عالمی تجارت کے قابل اعتماد ڈیٹا کی بنیاد پر برآمدی حجم بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنا ہوں گی،جمیل قریشی

103
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry

فیصل آباد۔ 22 جنوری (اے پی پی):چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ذریعے سرمایہ کاری کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے خدشات ترجیحی بنیادوں پر دور کئے جا رہے ہیں تاہم ملک بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کوبھی عالمی تجارت کے قابل اعتماد ڈیٹا کی بنیاد پر برآمدی حجم بڑھانے کیلئے کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی۔

یہ بات سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے سیکرٹری جمیل احمد قریشی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے ملاقات کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کو یقینی بنانے کیلئے وفاق، صوبائی حکومتیں اور ادارے ملکر مربوط کوششیں کر رہے ہیں جن سے مثبت نتائج بھی ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ریحان نسیم بھراڑہ پر زور دیا کہ وہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل دشواریوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے حل کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ارد گرد کے ملکوں کی تجارتی کامیابیوں کا غیر جانبدارانہ تجزیہ کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ ہمارے پاس کس شعبہ میں تجارت کا بہتر اور موزوں کشن موجود ہے تاکہ اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے حکمت عملی وضع کی جا سکے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے اس موقع پر ملکی معیشت اور خاص طور پر برآمدات میں فیصل آباد کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پالیسی سازی میں حقیقی سٹیک ہولڈرز کو شامل کر کے زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے سیکرٹری کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھاودیگر بھی موجود تھے۔ آخر میں سیکرٹری جمیل احمد اور صدر فیصل آباد چیمبر ریحان نسیم بھراڑہ کے درمیان شیلڈوں کا تبادلہ بھی ہوا۔