تمام ڈسکوز میں خراب آلات کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے، وفاقی وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایت

8

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری نے محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے ڈسکوز کے چیئرمین ، سی ای اوز کو ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے شرکا کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچانے کے لئے تمام ڈسکوز میں خراب آلات کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے پیشگی مرمت کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ قریب آ رہا ہے،محرم میں ملک بھر میں لاکھوں عزاداران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کریں گے،رواں سال محرم میں گرمی کی لہروں کے امکانات ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے،مذہبی تقریبات کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچایا جائے،تمام ڈسکوز میں خراب آلات کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے۔

اویس لغاری نے ڈسکوز کو ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دینے کے بھی احکامات دیتے ہوئے کہا کہ یوم عاشورکو ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ پر تعینات کیا جائے،محرم الحرام میں مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں،صارفین، خصوصاً امام بارگاہوں اور مساجد کو کسی بھی شیڈولڈ مرمت یا ممکنہ لوڈ مینجمنٹ کے بارے میں پیشگی آگاہ کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حساس مقامات پر سٹینڈ بائی جنریٹرز اور یو پی ایس سسٹمز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے،کسی بھی غیر متوقع گرڈ مسئلے کی صورت میں بیک اپ بجلی فراہم کی جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تکنیکی اور آپریشنل عملے کی 24/7 دستیابی کو یقینی بنایا جائے،تمام سطحوں پر مخصوص کنٹرول سنٹرز قائم کیے جائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے،محرم الحرام کے سلسلے میں اقدامات کی رپورٹ پاور ڈویژن کو بھیجی جائے۔