تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیری عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، پاکستان کی کشمیریوں کیلئے غیرمشروط حمایت کو سراہاتا ہوں چیئرمین کشمیر کمیٹی یورپی یونین علی رضا سید کی ریڈیو پاکستان سے گفتگو

108

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی)چیئرمین کشمیر کمیٹی یورپی یونین علی رضا سید نے پاکستان کی کشمیریوں کیلئے غیر مشروط حمایت کو سراہاتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیری عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہفتہ کو ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان تمام ممالک میں خصوصی سفیر بھیج کر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کو اس مسئلے کی حساسیت کے بارے آگاہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے بھارت کے سیکولر اور جمہوری چہرے کو داغدار کر دیا ہے جبکہ عالمی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا شروع کردیا ہے۔ علی رضا سید نے مزید کہا کہ دوسری طرف کشمیر کے بے گناہ عوام صحت ، تعلیم اور مواصلات کی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی رہنما مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی محاذ پر اجاگر کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔