توانائی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے نیشنل ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے، وفاقی وزیر اویس لغاری

135
صوبائی حکومتیں تمام مقامی اداروں کو انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 کا پابند بنائیں،سردار اویس احمد خان لغاری

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات لا رہے ہیں،20نکاتی اصلاحات کا آغاز وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہو چکا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی محمدعلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توانائی کا شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس لئے اس شعبہ میں اصلاحات لا رہے ہیں، وزیراعظم کے ویژن کے مطابق تمام وزارتوں کو ملکر اصلاحات پر عملدرآمد کرانا ہے۔ وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعظم کے احکامات کے مطابق توانائی کے شعبے پر نیشنل ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے،پاور سیکٹر سے منسلک تمام ادارے ٹاسک فورس میں شامل ہیں،

نیشنل ٹاسک فورس توانائی کے شعبے میں بہتری کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور ہم پاکستان کو توانائی کا ایک صحت مند شعبہ دیں گے۔اویس لغاری نے کہا کہ جتنا جلدی ہم چیزوں کو ٹھیک کریں گے، اتنا ہی جلد ہم معیشت کو بہتر سمت میں لے کر جائیں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی محمدعلی نے کہا کہ ہم آئی پی پیز اور پیدواری لاگت سے متعلق مسائل کو دیکھ رہے ہیں ، اب یہ دیکھناہے کہ بجلی کی پیداواری لاگت اور قیمتوں میں کیسے کمی لائی جائے اور کیسے حکومت اور صارفین پر بوجھ کم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا جس کی پیش رفت سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔