ہری پور۔2نومبر (اے پی پی):تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے غیر ملکی وفود نے خانپور میں جولیاں اسٹوپہ اور قدیمی یونیورسٹی کا دورہ کیاہے،محکمہ آرکیالوجی کی ریجنل ڈائریکٹر اور فیلڈ آفیسر سیدہ گل کیلاش نے وفد کااستقبال کیا اور بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق خانپور میں تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے غیر ملکی وفود نے محکمہ آثار قدیمہ کی آرکیالوجی سائیڈ جولیاں اسٹوپہ اور قدیمی یونیورسٹی کا دورہ کیا،وفد کے ارکان کا آرکیالوجی سائیڈ جولیاں پہنچنے پر محکمہ آرکیالوجی کی ریجنل ڈائریکٹر اور فیلڈ آفیسر سیدہ گل کیلاش اور دیگر ملازمین نے استقبال کیا،
آرکیالوجی کی فیلڈ آفیسر سیدہ گل کیلاش نے تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے وفد کے ارکان کو خانپور میں موجود آرکیالوجی سائیڈ اور قدیمی ورثہ کے دیکھ بھال اور تاریخی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،
وفد کے ارکان نے کہا کہ پاکستان چار موسموں، حسین وادیوں اور پہاڑی سلسلوں سے مالا مال ملک ہے جبکہ خصوصا خانپور شہر مالٹوں اور لیچی کے سر سبز باغات میں گھیرا ہوا ہے ،وفد کے ارکان نے حکومت پاکستان اور محکمہ آرکیالوجی کی طرف سے پاکستان میں موجود آثار قدیمہ کی بدھسٹ سائیڈ کی بہترین دیکھ بھال پر شکریہ ادا کیا۔