تھائی لینڈ کی فضائیہ کے کمانڈر ان چیف کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات

100
APP26-31 ISLAMABAD: January 31 - Air Chief Marshal Chaiyapruk Didyasarin, Commander-in-Chief of Royal Thailand Air Force called on Air Chief Marshal Mujahid Anwar Khan Chief of the Air Staff, Pakistan Air Force at Air Headquarters. APP

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے کمانڈر ان چیف، ائیر چیف مارشل چیاپرُک دِدیاسارن نے جمعرات کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی ۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاںانہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ امور کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے کمانڈر ان چیف نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کی کامیابیوں کو سراہا۔ ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے خود انحصاری کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں معزز شخصیات نے باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا جس کی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے مابین بالخصوص دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ رائل تھائی لینڈ فضائیہ کے کمانڈر ان چیف پاک فضائیہ کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں ۔