اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے تھائی لینڈ کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں تھائی لینڈ کی جنوبی صوبوں میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد اس مشکل گھڑی میں تھائی لینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اپنے پیغام …
تھائی لینڈ کے قومی دن پر پائیدار امن، خوشحالی اور ترقی کی نیک خواہشات میں شریک ہیں،تباہ کن سیلاب پر تھائی قوم سے گہری ہمدردی اور اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، صدرمملکت آصف علی زرداری کا تھائی لینڈ کے قومی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے تھائی لینڈ کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں تھائی لینڈ کی جنوبی صوبوں میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد اس مشکل گھڑی میں تھائی لینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قیمتی جانی نقصان اور دس لاکھ سے زائد گھرانوں پر پڑنے والا اثر اس امر کی یاد دہانی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور عالمی تعاون کی فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا دنیا کے دیگر کئی خطوں کے مقابلے میں موسمیاتی تبدیلی سے زیادہ شدید متاثر ہو رہا ہے، پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کا سامنا کر رہا ہے اور اس سے نبرد آزما ہونے کی استعداد میں اضافہ کے لیے تھائی لینڈ اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ میں تھائی لینڈ کی حکومت اور عوام کو ان کے قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان اور تھائی لینڈ کئی دہائیوں سے باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں۔پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، علاقائی اور عالمی فورمز پر ہماری شمولیت متعدد امور پر مشترکہ فہم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لیے تھائی لینڈ کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں، پاکستان مذاکرات، اقتصادی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے میں تھائی لینڈ کے تعمیری کردار کو سراہتا ہے، ہم خطے میں ہم آہنگی اور اجتماعی فلاح کے لیے جاری اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج تھائی لینڈ کے قومی دن پر پاکستان کے عوام تھائی قوم کے ساتھ پائیدار امن، خوشحالی اور ترقی کی نیک خواہشات میں شریک ہیں، پاکستان مشترکہ ترجیحات اور مضبوط دوستی کی بنیاد پر ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے تھائی لینڈ کے ساتھ مزید قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔








