لاہور۔6جنوری (اے پی پی):پولیس سٹیشن تاندلیانوالہ فیصل آباد کے حوالات میں بند 3 سگے بھائی قتل اور کزن زخمی کرنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی،آئی جی نے سی پی او فیصل آباد کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دےدیا، ایس پی انوسٹی گیشن فیصل آباد اور سی آئی اے ٹیموں نے فائرنگ میں ملوث 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ تھا، مقتولین پر کھرل برادری کے افراد کے قتل کا الزام تھا،سی پی او کامران عادل سینئر افسران اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچے، مقتولین عثمان،ناصر اور کزن آصف کو تھانہ سٹی تاندلیانوالہ پولیس نے قتل اور دہشتگردی کے مقدمے میں گرفتار کیاتھا، ملزمان کی دیرینہ دشمنی کی وجہ سے اور انہیں محفوظ رکھنے کےلئے سٹی کی بجائے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں بند کیا گیاتھا۔
ترجمان نے بتایا کہ پیر کی علی الصبح نامعلوم ملزمان تھانے کی عقبی دیوار سے سیڑھی کے ذریعے دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے ، ملزمان کو دیکھتے ہی ڈیوٹی پر موجود تھانے کے سنتری نے فائرنگ کی، ملزمان نے سنتری اور حوالات میں موجود ملزمان پر فائرنگ شروع کر دی،ملزمان کی حوالات پر اندھا دھند فائرنگ کی وجہ سے سکھیرا برادری کے تین افراد جاں بحق اور آصف شدید زخمی ہو گیا۔ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔