رحیم یارخان۔ 26 اکتوبر (اے پی پی):تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس نے کارروائی کرکے نقب زن تالے توڑ ملکو گینگ کو گرفتار کرلیا اورمال مسروقہ برآمد کرلیا ہے،پولیس کے مطابق ملکو گینگ نے پانچ وارداتوں کا اعتراف کیا ،پولیس نے گینگ سے1 کروڑ 64 لاکھ سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کرلیا ہے۔
ڈی ایس پی سٹی سرکل چوہدری آصف رشید نے ایس ایچ او تھانہ سٹی اے ڈویژن رانا شفاقت علی منج کے ہمراہ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر رکھا ہے، ایس ایچ او اور ان کی ٹیم سب انسپکٹر عرفان شہزاد اے ایس آئیز عطاالرحمن، شاہد اقبال اور دیگر اہلکاروں نے شہر میں دوکانوں کی چھتیں پھاڑ کر اور گھروں کے تالے و دروازے توڑ کر وراداتیں کرنے والا تین رکنی راشد ملکو گینگ کو شب و روز محنت، پیشہ ورانہ مہارت سے ٹریس کر کے گرفتار کیا ہے کیونکہ کچھ عرصہ میں 5 چوری کی بڑی وارداتیں پولیس کے لیے چیلنج بنی ہوئی تھیں،
گرفتار ملزمان میں سرغنہ گینگ راشد ملک، ریاض بھٹی اور وجے مسیح شامل ہیں ،ملزمان کے انکشاف پر صدر بازار سنار کی دوکان کی چھت پھاڑ کر کی جانے والی واردات سمیت شہر کے مختلف حصوں سے 4 گھروں کے تالے و دروازے توڑکر کی جانے والی وارداتیں و مقدمات ٹریس ہو گئے ہیں جس میں بڑے پیمانے پر طلائی زیورات، نقدی و گھریلو سامان مالیتی 1 کروڑ 64 لاکھ سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کر کے مدعی مقدمات جواد علی، فرحان، محمد نعمان، شفیق احمد اور احمد نواز کے حوالے کر دی گئی ہے،
بلا شبہ ایس ایچ او شفاقت علی اور ٹیم کی یہ بڑی کارروائی ہے جس پر وہ انہیں شاباش دیتے ہیں اور ڈی پی او رضوان عمر گوندل سے انعامات اور تعریفی اسناد کی سفارش کی جائے گی، اس موقع پر سو فیصد چوری کی ریکوری ملنے پر شہریوں نے ڈی ایس پی سٹی اور ٹیم کو مالائیں پہنا کر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا