تھانہ پیرودھائی کے علاقہ میں 3 ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ ، فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک، دو فرار

81
Firing

راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):تھانہ پیرودھائی کے علاقہ میں رات گئے 3 ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی ، فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک اور دو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ، ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت مہر علی کے نام سے ہوئی ہے جو تھانہ سٹی میں اغوا و قتل کے مقدمہ میں گرفتار تھا اور تفتیش کے دوران شواہد کی برآمدگی و نشاندہی کے دوران فرار ہو گیا تھا، ملزم مہر علی کو اپنے خالہ زاد بھائی کے سفاکانہ قتل اور نعش کو تلف کرنے کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا،

ملزم نے مقتول کے پاس موجود رقم 45 لاکھ روپے کے حصول کے لیے اسے اپنے گھر بلا کر قتل کیا اور نعش کو سفاکانہ انداز میں تلف کر دیا تھا، ملزم سے تفتیش کے دوران مقتول سے چھینے گئے 43 لاکھ روپے برآمد ہو چکے تھے جس سے مزید اہم شواہد کے حصول کے لئے تفتیش کی جا رہی تھی، ملزم کی نشاندہی پر مقتول کے زیر استعمال گاڑی بھی برآمد ہو چکی تھی، رات گئے پیرودھائی پولیس سنیپ چیکنگ کے لئے علاقہ میں موجود تھی کہ ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی،

پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے چھتی قبرستان کے قریب پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، واقعہ کی اطلاع پر سینیئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچنگ جاری ہے ، سی پی او کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔