تھرپارکر ۔ 20 فروری (اے پی پی):تھرپارکر میں بگ کیچ اپ مہم کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری صحت سروس ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے سول ہسپتال مٹھی میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگا کر مہم کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ریاض احمد شیخ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر بھرت سمیت دیگر محکمہ صحت تھرپارکر کے افسران موجود تھے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ کے زیر اہتمام بگ کیچ اپ مہم کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔اس مہم کا مقصد ان تمام بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنانا ہے جو کسی بھی وجہ سے حفاظتی ٹیکے لگوانے سے محروم رہ گئے تھے۔ اس مہم میں پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کی ویکسی نیشن سمیت حفاظتی ٹیکے لگانے جائیں گے
ٹیکوں سے مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے قریبی ویکسی نیشن مراکز پر سہولت دستیاب ہے۔اس کے علاوہ محکمہ صحت کی تربیت یافتہ ٹیمیں آپ کے علاقوں میں بھی آئیں گی تاکہ تمام بچوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے تھرپارکر کی عوام کو اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے بچوں کا محفوظ مستقبل یقینی بنائیں، جیسے ہی صحت ٹیم آپ کے علاقے میں آئے تو اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے اور ویکسین لگوا کر بیماریوں سے بچائیں۔اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت سروس ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ریاض احمد شیخ کی رہنمائی میں عوامی آگاہی کے لیے ریلی نکالی گئی ریلی میں افسران، ہیلتھ ورکرز سميت شہریوں نے شرکت کی