اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا، ووہان میں فائیو جی سروس کے ذریعے کووڈ۔ 19 پھیلنے کا تاثر درست نہیں۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر گیان چند، سینیٹر رخسانہ زبیری، سینیٹر جہانزیب جمالدینی اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں انٹرنیٹ کی سروسز کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، اس سلسلے میں یو ایس ایف کے تحت بھی یہ سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ ووہان میں کووڈ۔ 19 فائیو جی سروس سے پھیلا، یہ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں ہیں جو چین کی مخالف قوتوں نے پھیلائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تین ہزار نئے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پر موبائل سروس کی فراہمی کے لئے نئے ٹاورز لگائے جائیں گے۔