لاہور۔8مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تھیلیسیمیا سے بچائو کے لئے عوام میں آگاہی کی ضرورت ہے، ہمیں پاکستان کو تھیلیسیمیا فری ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
وزیر اعلی نے تھیلیسیمیا کے مرض سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ تھیلیسیمیا ڈے کامقصد عوام میں اس مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے خون کی تبدیلی کے عمل سے گزرنا تکلیف دہ اور تھیلیسیمیا کاہر مریض معاشرے کی خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔انہوں نے کہاکہ تھیلیسیمیا میں باقاعدگی سے خون کی تبدیلی اور طبی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے،
تھیلیسیمیا سے بچنے کے لئے شادی سے پہلے جینیاتی ٹیسٹ بیماری سے بچا سکتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ خون عطیہ کر کے تھیلیسیمیا مریضوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔